رسہ کشی کھیل کے فروغ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائینگے : محسن لطیف
لاہور (کامرس رپورٹر) پاکستان رسہ کشی فیڈریشن کے نومنتخب صدر محسن لطیف نے کہا ہے کہ ملک میں کھیل کے فروغ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ کھیلوں میں سیاست کی دخل اندازی ایک سنگین جرم ہے۔ اپنے آفس میں فیڈریشن کے سیکرٹری جمیل رانا کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کھیل میرے خون میں شامل ہے، میری پوری کوشش ہوگی کہ ہاکی اورکرکٹ کی طرح رسہ کشی کے کھلاڑیوں کو بھی سہولیات مہیا کی جائیں تاکہ وہ بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکیں۔ ان کا کہنا تھاکہ مستقبل میں رسہ کشی کی ٹیم کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پرکھیل کے زیادہ سے زیادہ مواقع میسر کریں گے۔ پاکستان میں سپورٹس کلچر کے حوالہ سے بات کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی پنجاب محسن لطیف کا کہنا تھا کہ مغربی ممالک ہمارے آبا¶ اجداد کی نقالی کرکے ہم سے آگے نکل گئے مگر ہمارے کھلاڑی یہاں فکر معاش کی وجہ سے کھیلوں پر زیادہ توجہ نہیں دے پاتے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت ملک میں کھیلوں کے کلچر کو دوبارہ فروغ دینے کیلئے کوشاں ہے جس کی مثال گذشتہ سال ہونے والا یوتھ سپورٹس فیسٹیول ہے جس کی پیروی دیگر ممالک میں بھی کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں دہشت گردی نے کھیلوں کو بھی خاصا نقصان پہنچایا ہے تاہم ہماری کوشش ہوگی کہ صورتحال کو بہتر کرتے ہوئے پاکستان میں بین الاقوامی ایونٹس کے لئے سازگار ماحول فراہم کیا جائے۔ فیڈریشن کے سیکرٹری جمیل رانا نے بتایا کہ اس سال دسمبر میں رسہ کشی کی قومی چیمپئن شپ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں قومی ٹیم کے انتخاب کے بعد دسمبر ہی میں بنکاک میں ہونے والے رسہ کشی کے ایونٹ میں شرکت کرے گی جس میں 35ممالک کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔