ورلڈ ہاکی لیگ کے بعد قومی ٹیم کی مینجمنٹ میں تبدیلیوں کا امکان

07 جولائی 2013

لاہور (کامرس رپورٹر) ملائیشیا میں ہونے والی ہاکی ورلڈ لیگ میں قومی ہاکی ٹیم کی ناکامی کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ٹیم مینجمنٹ میں تبدیلیوں پر غور شروع کر دیا ہے۔ اس ضمن میں ٹیم مینجمنٹ کے ساتھ ساتھ سینئر کھلاڑیوںکی بھی چھٹی کا امکان ہے۔ ملائیشیا میں جاری ورلڈ ہاکی سیریز میں پاکستان ٹیم ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹاپ تھری میں جگہ نہ بنا سکی۔ اس سے قبل ملائیشیا ہی میں کھیلے گئے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں بھی پاکستان کی چھٹی پوزیشن رہی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیڈ کوچ و منیجر اختر رسول اور کوچ حنیف خان کو ملائیشیا سے واپسی پر فارغ کیا جا سکتا ہے۔ ان کی جگہ منظورالحسن کو منیجر جبکہ طاہر زمان کو فل ٹائم کوچ بنانے کا امکان ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرح ہاکی فیڈریشن میں بھی اعلیٰ سطحی تبدیلیوں پر غور کیا جارہا ہے۔ اس بارے میں حتمی فیصلہ وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف کی چین سے وطن واپسی پر کیا جائے گا۔