پاکستان کا واحد سائیکلنگ ویلڈرم مدت میعاد پوری کر گیا

07 جولائی 2013

لاہور (کامرس رپورٹر) پنجاب سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری وقار علی کا کہنا ہے کہ پاکستان کا واحد سائیکلنگ ویلڈرم اپنی مدت معیاد پوری کر چکا، حکومت نے ویلڈرم کی مرمت یا تعمیرنو کے لئے تاحال کوئی اقدامات نہیں کئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں 1958ءمیں سردار عبدالرب نشتر نے پاکستان کے پہلے سائیکلنگ ویلڈرم کا سنگ بنیاد رکھا جو اپنی تعمیر سے اب تک پاکستان بھر کے سائیکلسٹوں کو سہولت فراہم کر رہا ہے لیکن حکومتی عدم توجہی کے باعث ویلڈر وم اپنی زندگی کی آخری سانسیں لے رہا ہے۔ وقار علی کے مطابق مشرف حکومت نے ویلڈرم کے لئے پانچ کروڑ رو پے منظور کئے تھے جو سرخ فیتے کی نذر ہوگئے۔ اس کی تزئین و آرائش کے لئے پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کی حکومتوں نے ویلڈرم کی خستہ حالی کا نوٹس نہیں لیا جس کے باعث ویلڈرم سائیکلسٹوں کے لئے خطرناک ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم میاں نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے اپیل کی کہ وہ صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے فوری اقدامات کا حکم دیں۔