انگلینڈ کا آسٹریلیا کےخلاف ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ کےلئے ٹیم کا اعلان
لندن (اے پی پی) انگلینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ کرکٹ میچ کےلئے 13 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا۔ کیون پیٹرسن، سٹورٹ براڈ اور گریم سوان کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، نک کومپٹن کو ڈراپ کر دیا گیا۔ جو روٹ کپتان ایلسٹرکک کے ساتھ اوپننگ کریں گے۔ انگلش سلیکٹر جیف ملر نے ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو روٹ اس وقت ایلسٹر کک کے بہترین اوپننگ پارٹنر ہیں، تمام کھلاڑی کینگروز کے خلاف ایشز سیریز کی اہمیت سے بخوبی واقف ہیں اور سیریز میں فتح کےلئے کھلاڑیوں کو کھیل کے تینوں شعبوں میں صلاحیتوں سے بڑھ کر کارکردگی دکھانا ہو گی۔ پہلے ٹیسٹ کی تیاریوں سے پوری طرح مطمئن ہیں اور آئندہ چند روز بھی سخت محنت کو جاری رکھیں گے۔ اعلان کردہ ٹیم میں ایلسٹرکک کپتان، جیمز اینڈرسن، جونی بیئرسٹو، این بیل، ٹم بریسنن، سٹورٹ براڈ، سٹیون فن، گراہم اونینز، کیون پیٹرسن، میٹ پرائر، جو روٹ، گریم سوان اور جوناتھن ٹراﺅٹ شامل ہیں۔ انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ایشز سیریز کا پہلا ٹیسٹ 10 جولائی سے ناٹنگھم میں شروع ہو گا۔