رمضان پیکج پر عملدر آمد یقینی بنایا جائے: چیف سیکرٹری
لاہور (سپیشل رپورٹر) چیف سیکرٹری پنجاب جاوید اسلم نے سول بیوروکریسی کو ہدایت کی ہے کہ وہ دفاتر میں نظم و ضبط اور وقت کی پابندی کو یقینی بنائیں اور صبح8بجے دفتر پہنچ کر اوپن ڈور پالیسی کے تحت کم از کم 9بجے تک اپنے دروازے عوام کیلئے کھلے رکھیں اور اس دوران کوئی اجلاس منعقد نہ کریں۔ صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی افسران رمضان پیکج پر عملدر آمد یقینی بنانے کے لئے جامع ایکشن پلان وضح کریں تا کہ اس کے ثمرات عام آدمی تک پہنچ سکیں۔ رمضان بازاروں میں ارزاں نرخوں پر معیاری اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے لئے حکومت 3.5ارب روپے کی سبسڈی دے رہی ہے اور عوام کی سہولت کے لئے اس مرتبہ یوٹیلٹی سٹورز کا رپوریشن بھی رمضان بازاروں میں سٹالز لگائے گی۔ انہوں نے یہ ہدایات سول سیکرٹریٹ میں تمام محکموں کے سیکرٹریوں اور ڈویژنل کمشنرز کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔