فیروز پور روڈ کے تاجروں کے مسائل جنگی بنیادوں پر حل کرینگے: ایاز صادق

07 جولائی 2013

لاہور (پ ر) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ فیروز پور روڈ کے تاجروں کے مسائل جنگی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ یو ٹرن کا مسئلہ ترجیح ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن تاجران فیروز پور روڈ بورڈ کے صدر چودھری محبوب علی سرکی کی طرف سے ان کے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن‘ رکن قومی اسمبلی پرویز ملک‘ محبوب سرکی‘ لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر فاروق افتخار حاجی ادریس‘ طاہر محمود بھٹی‘ میاں طارق سمیت دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔ پرویز ملک نے کہا کہ تاجر برادری ہمار بازو ہیں‘ مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہاکہ تاجروں کی مشاورت سے پراپرٹی ٹیکس سروے کرایا جائے گا۔ میاں فاورق افتخار نے کہا کہ فیروز پور روڈ کے تاجروں کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا۔ محبوب سرکی نے کہا کہ تاجروں نے ہر دور میں نواز شریف کا ساتھ دیا۔ ریپڈ بس منصوبے سے فیروز پور روڈ پاکستان میں ماڈل رول بن گیا ہے۔