صدرِ مملکت اور چینی ہم منصب کی ملاقات

Feb 07, 2025

اداریہ

چین کے دورے پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے چینی ہم منصب سے ملاقات کی جس میں فریقین نے باہمی اور وفود کی سطح پر مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا۔ آصف زرداری نے چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات میں کہا کہ یہ غلط ہے کہ پڑوسی سے زیادہ ہمارے قریب کوئی اور ہے۔ کیونکہ چین کی اور ہماری سرحدیں آپس میں ملتی ہیں۔ بیجنگ کے گریٹ ہال آف چائنا میں ہونے والی اس ملاقات میں چینی شہریوں کی پاکستان میں سکیورٹی اور سی پیک منصوبوں میں تیزی لانے پر بات ہوئی۔ ملاقات میں علاقائی، بین الاقوامی امور اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلۂ خیال کیا گیا جبکہ شراکت داری کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کے مواقع پر بھی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ چین کی مثالی ترقی اور خوشحالی چینی قیادت کے وژن اور عوام کی فعالیت کا مظہر ہے۔ چینی صدر شی جن پنگ نے بھی پاکستان سے تعلق پر گہرے اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ چین اور پاکستان فولادی دوست اور ہر موسم کے تزویراتی شراکت دار ہیں، سی پیک کی تعمیر اور مختلف شعبوں میں تعاون دو طرفہ تعلقات کی اعلیٰ مثال ہے۔ چین کی پاکستان کے ساتھ بے لوث محبت اور بے مثال دوستی نے پاکستان کے تمام اتحادیوں میں چین کو نمایاں کر دیا ہے پاکستان بھی اپنے تمام اتحادیوں کے مقابلے میں چین کو اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ملکوں کی قیادت تعلقات کو مزید گہرا اور مضبوط کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

مزیدخبریں