حافظ آباد کی ٹیچرز کالونی میں گیس لیکج سے زوردار دھماکہ،ایک شخص زخمی
حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت)حافظ آباد کی ٹیچرز کالونی میں گیس لیکج سے زوردار دھماکہ، مکان کی چھتیں اور دیواریں منہدم ہوگئیں جبکہ ملبہ تلے دب کر ایک شخص شدید ذخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق ٹیچرز کالونی کا رہائشی محمد شریف اپنے کمرہ میں رات کے وقت گیس ہیٹر کھلا چھوڑ کر سوگیا ۔رات بھر کمرے میں گیس جمع ہوتی رہی ۔ علی الصبح محمد شریف نے سیگریٹ سلگانے کے لئے دیاسلائی روشن کی تو زورداردھماکہ سے گھر کی چھتیں، دیواریں منہدم ہوگئیں اور وہ خودجھلس کر اور ملبہ تلے دب کر شدید ذخمی ہوگیا۔ جسے ریسکیو 1122کی ٹیم نے ملبہ تلے سے نکال کر تشویشناک حالت میں ٹراما سنٹر منتقل کردیا ۔