دہشت گرد وی وی آئی پی شخصیات اور اہم مقامات کو نشانہ بنا سکتے ہیں، آئی جی کی سیکورٹی فول پروف بنانے کی ہدایت
لاہور(نامہ نگار)صوبائی دارالحکومت میںدہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حساس اداروں نے دہشت گردی کی کارروائیوں کے حوالے سے الرٹ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا کہ دہشت گرد وی وی آئی پی شخصیات سمیت سکول، کالجز ، یونیورسٹیوں سمیت شاپنگ مالز کو بھی نشانہ بنا سکتے ہیں۔ الرٹ جاری ہونے کے بعد آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز نے سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) امین وینس اور ڈی آئی جی آپریشن ڈاکٹر حیدر اشرف کو سکیورٹی فول پروف بنانے کے احکامات جاری کر دیئے۔ آئی جی آفس کی جانب سے جاری ہونے والے مراسلے میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے خدشے کے پیش نظر پولیس افسران کو سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے اور ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ سکول ، کالجز اور یونیورسٹیوں سمیت شاپنگ مالز، اہم مساجد ، چرچز اور دیگر اہم عمارتوں کے ارد گرد سرچ آپریشن کا سلسلہ جاری رکھیں۔ اس ضمن میں تمام ڈویژنل ایس پیز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقہ جات میںروزانہ کی بنیاد پر شہریوں کاسرچ آپریشن بائیو میٹرک مشینوں کی مدد سے کیاجائے ۔ جبکہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔ذرائع نے بتایاکہ مشکوک گاڑیوں کو چیکنگ کے بعد شہر میں داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔