بھارتی تسلط سے آزادی دلانے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہونا ہو گا
ملتان (سپیشل رپورٹر) کشمیر کا مسئلہ ہماری نسلوں کی بقاء کا مسئلہ ہے کشمیر کی آزادی تک پاکستان کی اصل تکمیل نہیں ہو سکتی ہے۔ کشمیر کا مسئلہ اب بین الاقوامی سطح پر اٹھانا ہو گا حکومت کو کشمیر کا مقدمہ ترجیحی بنیادوں پر لڑنا ہو گا۔ مظلوم کشمیری گزشتہ 72 سالوں سے قیدیوں سے بھی بدتر زندگی گزار رہے ہیں کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ اب کشمیریوں کو بھارتی تسلط سے آزادی دلانے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو آپس کے اختلافات بھلا کر ایک ہونا ہو گا۔ کشمیر کاز کے لئے روزنامہ نوائے وقت کے معمار جناب مجید نظامیؒ کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ روزنامہ نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ کے رہنما مخدوم یزدانی گیلانی نے کہا کہ کشمیر کے لئے صرف 5فروری کا دن منا لینا کافی نہیں ہے۔ ہر روز کشمیر پر بھارتی فوج مظالم ڈھاتی ہے اس لئے روزانہ ہی ہمیں جنگی بنیادوں پر کشمیر کا مسئلہ عالمی سطح پر اٹھانے کی سخت ضرورت ہے۔ ضلعی جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن شیخ اطہر ممتاز نے کہا کہ ہمارے لئے کشمیر کا مسئلہ زندگی اور موت کا مسئلہ ہے سیاسی سطح پر یہ مسئلہ مسلم لیگ ن نے موثر انداز سے اٹھایا ہے آئندہ بھی مسلم لیگ ن کشمیری بھائیوں کی حمایت جاری رکھے گی۔ چیئرمین یو سی 54 اور مسلم لیگ ن کے رہنما حاجی رانا سجاد نے کہا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے ہندو سے اب ہم اپنی شہ رگ چھڑائیں گے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما ملک انور علی نے کہا کہ مسلم لیگ ن مسئلہ کشمیر سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹ سکتی ہے اس مسئلہ کے لئے ہر قربانی دینگے۔ مسلم لیگ فنکشنل کے رہنما چودھری آصف انصاری نے کہا کہ بھارتی فوج اور پولیس ملکر 70 سالوں سے کشمیریوں پر ظلم کر رہی ہے مگر تحریک کو دبایا نہیں جا سکا ہے مسلم لیگ ن کے رہنما عبدالرحمن فری نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے اجاگر کرنے میں سب سے اہم اور کلیدی کردار جناب مجید نظامی صاحب کا رہا ہے ان کی انتھک محنتوں اور کوششوں سے نوائے وقت کے ذریعے اس مسلہ کو پہلے دن سے نمایاں طورپر اٹھایا جو سلسلہ آج بھی جاری ہے مسلم لیگ کے رہنما سہیل فراز نے کہا کہ کشمیر کو قائداعظمؒ نے پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا اس لئے پاکستان کی طرف آنے والے ہر دریا کا مرکز کشمیر ہی ہے بھارت کشمیر پر قبضے کے ذریعے دراصل پاکستان کو بنجر بنانے کے درپے ہے مسلم لیگ ن کے رہنما راؤ ابرار علی نے کہا کہ کشمیر کی آزادی میں ہی پاکستان کی سلامتی اور بقا ہے۔