سال 2017ء میں امریکہ پاکستان کی دو طرفہ تجارت میں ریکارڈ اضافہ
واشنگٹن (این این آئی)امریکہ اور پاکستان کے درمیان جاری تنازعہ کے باوجود دونوں ممالک میں سال 2017ء میں تجارت میں اضافے نے نیا ریکارڈ قائم کردیا۔امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں واقع امریکی سفارتخانے کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ امریکہ اور پاکستان کے دو طرفہ تجارت نے 2017ء میں 6 ارب ڈالر کی اعلیٰ ترین سطح کو عبور کرنے کا ریکارڈ بنادیا۔اسی دوران پاکستان میں مقیم امریکی سفارتکار ڈیوڈ ہیل نے امریکی بزنس کونسل برائے پاکستان کے صدر کامران نشات اور انکی ایگزیکٹو کمیٹی سے ملاقات کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی سفارتکار نے پاکستان کا امریکہ کی کورپوریٹ اداروں سے ملکر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوںنے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون سے دو طرفہ معاشی تعلقات کو فروغ ملے گا۔انہوں نے کونسل کی جانب سے تجارت اور سرمایہ کاری کیلئے پاکستان میں ماحول پیدا کرنے پر پاکستانی حکومت کا تعاون کرنے کو سراہا۔امریکی وفد نے امید ظاہر کی کہ دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہتر ہونے میں مدد ملے گی۔