خانپور ڈیم کی صفائی کیوجہ سے بعض علاقوں میں پانی سپلائی بند ہے ، امان اللہ
راولپنڈی (نیوز رپورٹر)چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کے سیکرٹری امان اللہ نے کہاہے کہ خانپور ڈیم کی بھل صفائی کے پیش نظر چکلالہ کینٹ کے بعض(صفحہ6 بقیہ14) علاقوں میں پانی کی سپلائی بند کی گئی ہے تاہم شہریوں کو پانی کی متبادل فراہمی کے طور پر واٹر بائوزر کے ذریعے بھی سپلائی کی جا رہی ہے ۔سیکرٹری چکلالہ کینٹ امان اللہ نے چکلالہ کینٹ کے مکینوں سے اپیل کی کہ وہ پانی کے استعمال میں احتیا ط برتیں ۔انہوں نے کہاکہ بھل صفائی مہم کے دوران چکلالہ کینٹ کے ان علاقوں کو پانی کی فراہمی تعطل کا شکار ہوئی جنہیں خانپور ڈیم کا پانی فراہم کیا جاتا تھا ان علاقوں میں لالہ زار ،تلسہ روڈ ،شیر زمان کالونی ،ٹاھلی موھری ،جھاورا اور کمال آباد شامل ہیں جبکہ چکلالہ کینٹ کے دیگر علاقوں کو ایم ای ایس سے حاصل کردہ پانی اور چکلالہ کینٹ کے ٹیوب ویلز کے ذریعے پانی کی سپلائی بدستور جاری ہے ۔امان اللہ نے مزید کہاکہ بھل صفائی مہم کے دوران متاثرہ علاقوں میں 12فروری تک سپلائی بند رہنے کا امکان ہے تاہم پانی کی فراہمی کا عمل 18فروری سے بحال ہو نا شروع ہو جائے گا ۔