ہاکی کی بحالی میں ہر محب وطن پاکستانی کی معاونت ناگزیر ہے، عمیر احمد آرائیں
کراچی (اسپورٹس رپورٹر) قومی کھیل کی بحالی و ترویج میں ہر محب وطن پاکستانی کی معاونت ناگزیر ہے ان خیالات کا اظہار معروف سماجی رہنما اور فائیو اسٹار گروپ کے سی ای او عمیر احمد آرائیں نے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ہاکی کی جانب سے کراچی پراپرٹی شو کے کامیاب انعقاد کے اعتراف میں اپنے اعزاز میں دئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی نہ صرف ہمارا قومی کھیل ہے بلکہ دنیا بھر میں ہماری شناخت بھی ہے۔ اسی شناخت کی بحالی اور کھوئے ہوئے وقار کے حصول کے لئے ہمیں متحد ہو کر کوششیں کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ مفادات سے بالاتر ہو کر اپنی تمام ترصلاحیتیں ہاکی کے فروغ میں صرف کرتے ہیں وہی لوگ ہاکی کی بحالی کا سبب بنیں گے۔ اس ضمن میں پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ہاکی کی ملک بھر میں جاری کاوشیں قابل تحسین و تقلید ہیں۔ انہوں نے فائیو اسٹار گروپ کی جانب سے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ہاکی کی بھرپورسرپرستی کرنے کا بھی اعلان کیا۔ انسٹیٹیوٹ آف ہاکی کے بانی و آرگنائزر رائو جاوید اقبال نے کہا کہ قلیل عرصے میں فائیو اسٹار گروپ کے سی ای او عمیر احمد آرائیں نے نہ صرف کاروباری دنیا میں پراپرٹی شوز کے ذریعے تہلکہ مچایا بلکہ سماجی خدمت کے میدان میں بھی خدمت کی اعلی مثالیں قائم کی ہیں اور امید ہے کہ کھیلوں کے ذریعے ملکی وحدت قائم کرنے میں ہمارا ساتھ دیں گے۔ صدر پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ہاکی زاہد شہاب نے کہا کہ مسائل کے گڑھ اس شہر میں تسلسل کے ساتھ سماجی خدمات سرانجام دینا انتہائی دشوار کام ہے اور عمیر احمد آرائیں اس دشوار راہ پر جس خندہ پیشانی اور عزم و حوصلہ سے چل رہے ہیں یہ انہی کا خاصہ ہے۔ انسٹیٹیوٹ آف ہاکی کی سرپرستی ہاکی کی بحالی کے عمل میں خوش آئند قدم ہے جس پر ہماری پوری ٹیم ان کی مشکور ہے۔ عمیر آرائیں کو پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ہاکی کی جانب سے اجرک و سندھی ٹوپی پیش کی گئی۔ عشائیہ سے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ہاکی کے جوائنٹ سیکریٹری سید امتیاز الحسن اور نجم زہرہ نے بھی خطاب کیا۔ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ہاکی کے میڈیا کوآرڈینیٹر جاوید اقبال، فائیو اسٹار گروپ کے سید حسنین، محمد علی اور دیگر بھی موجود تھے۔