توہین عدالت‘ ہائیکورٹ نے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی سے جواب طلب کر لیا
لاہور ( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) لاہور ہائی کورٹ ملتان بنچ نے عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے کی پاداش میں چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کے خلاف توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے 15 یوم میں جواب طلب کرلیا۔تفصیلات کے مطابق ملتان کے کرکٹ آرگنائزر علاوالدین نے پی سی بی کے ڈپٹی چیف الیکشن کمشن شہزاد فاروق رانا کو درخواست میں موقف اختیار کیا کہ ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن لودھراں کے سیکرٹری عقیل احمدسیال نیب کے سزا یافتہ ہیں جبکہ ڈسٹرکٹ لودھراں کے صدر راو عمر جاوید پی سی بی کے خلاف اخباری بیانات کے دے چکے ہیں جس پر ان کے خلاف کاروائی کی جائے مگر ڈپٹی چیف الیکشن کمشن نے ٹال مٹول سے کام لیا جس پر علاوالدین نے لاہور ہائی کورٹ ملتان بنچ کے جسٹس عبدالرحمان اورنگزیب کی عدالت میں درخواست دائر کی جس پر عدالت عالیہ نے پی سی بی کے ڈپٹی چیف الیکشن کمشن کو مذکورہ عہدیداروں کے خلاف کاروائی کا حکم دیا تاہم پی سی بی کی طرف سے ٹال مٹول سے کام لیا گیا۔جس پر درخواست گذار نے لاہور ہائی کورٹ ملتان بنچ میں ایک اور درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ پی سی بی حکام نوماہ گذرنے کے باوجود عدالت عالیہ کے احکامات کو نظر انداز کر رہے ہیں جس پر جسٹس مرزا وقاص روف نے 28 اپریل 2017 کو جاری کئے گئے عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے کی پاداش میں چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے 15 روز میں جواب طلب کرلیا ہے۔