کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے بحرین میں بھی تقریب
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی )کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم یکجہتی کشمیر پاکستان اور دیگر ممالک کی طرح بحرین میں بھی منایا گیا اس سلسلے میں پاکستان ایمبیسی بحرین میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم تھے جو سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانیوں کے رکن بھی ہیں۔ تقریب میں پاکستان سکول بحرین کے بچوں نے یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے ٹیبلو شو اور کشمیری ترانے بھی پیش کئے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا کہ ہندوستان بے شک ریاستی دہشت گردی سے نہتے کشمیریوں کا معاشی استحصال کرلے ان کو بینائی سے محروم کرلے لیکن وہ کشمیریوں کے جذبہ جدوجہد آزادی کو پچھلے ستر سالوں سے کچل سکا ہے اور نہ آئندہ ایسا کرسکے گا۔ تقریب کے اختتام پر بحرین میں پاکستانی سفارت خانہ کے قائمقام سفیر اور اتاشی مراد علی وزیر نے صدر پاکستان ممنون حسین اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی طرف سے کشمیریوں کے یوم حق خود ارادیت کے موقع پر خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا ۔ تقریب میں بحرین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ڈائریکٹر ساجد شیخ‘ پاکستان سکول کے چیئرمین قاری سمیع الرحمن ، شہزاد احمد ملک‘ فضل ملک‘ نائب صدر رانا شاہد، رانا اسلم شاہین‘ چوہدری شبیر‘ عثمان ملک‘ عزیز ملک‘ چوہدری اکرم اور اوورسیز پاکستانیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔