کبیروالا: جامع مسجد آدھی والا کے خطیب مولانا اﷲ بخش فیضی سوائن فلو سے جاں بحق‘ نماز جنازہ کے بعد میت آبائی علاقے مظفرگڑھ بھیج دی گئی
کبیروالا(نامہ نگار) سوائن فلو سے متاثرہ جامع مسجد آدھی والا کے خطیب جاں بحق،نمازجنازہ کی ادائیگی کے بعد میت آبائی علاقہ مظفر گڑھ روانہ کردی گئی۔تفصیل کے مطابق دربار حضرت سید احمد کبیر شاہ بخاری المعروف بابا پیر کبیرؒ کی جامع مسجد کے سابق خطیب اور جامع مسجد آدھی والا کے موجودہ خطیب مولانا اللہ بخش فیضی دو روز قبل مبینہ طور پر سوائن فلو کے مرض میں مبتلا ہوئے تھے ،جنہیں خانیوال سے ملتان ریفر کردیا گیا تھا،جہاں وہ گزشتہ شب بقضائے الٰہی انتقال کر گئے۔مرحوم کی نمازجنازہ آدھی والا خانیوال روڈ کبیروالا میں ادا کی گئی،جس کے بعد مرحوم کی میت ان کے آبائی علاقہ مظفر گڑھ روانہ کردی گئی۔ جماعت اہل سنت پاکستان کے مرکزی امیر علامہ سید مظہر سعید کاظمی،سابق وفاقی وزیر علامہ سید حامد سعید کاظمی ،علامہ سید جاوید سعید کاظمی، مولانا مفتی نصیر الدین رضوی، مولانا کلیم اللہ سعیدی،علامہ مفتی عبداللطیف سعیدی، مولانا عبدالمجید سعیدی،شیخ راشد ندیم ،رانا شکیل احمد، حفیظ سعیدی،چوہدری محمد یٰسین کمبوہ،چوہدری محمد افضل معصومی ،چوہدری اکبر علی سعیدی،رائو خاور محمود سعیدی ،رائو عطاء اللہ نورانی،احمد رضا،حسن رضا اور دیگر نے مولانا اللہ بخش فیضی کی ناگہانی وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا۔