آصف ہاشمی کو دفاع کا موقع دینا چاہتے ہیں: چیف جسٹس ثاقب نثار
اسلام آباد (صباح نیوز)سپریم کورٹ نے وزارت خارجہ کو بیرون ملک سے متروکہ وقف املاک کے سابق چیئرمین آصف ہاشمی کو واپس لانے کی دستاویزات تیارکرنے کاحکم دے دیا۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں عدالت عظمی کے تین رکنی بینچ نے متروکہ وقف املاک کی زمین سستے داموں فرخت کئے جانے کے حوالے سے کیس کی سماعت کی تو چیف جسٹس نے استفسار کیاکہ آصف ہاشمی کدھر ہے ؟ آصف ہاشمی کے وکیل کا کہنا تھا کہ آصف ہاشمی کوپاسپورٹ ایشو نہیں ہوا ایمبیسی نے واپسی کے راستے میں رکاوٹیں ختم نہیں کیں حالانکہ 3فروری کووزارت داخلہ کونوٹس دیاہے جس پر چیف جسٹس نے کہاکہ پاکستانی کونسلرکوحکم دے دیتے ہیں کہ ہاشمی کولے کرہاکستان آجائیں آصف ہاشمی کوپاکستان میں پکڑانہیں جائے گاکیونکہ ہم عزت دار آدمی کوعزت کے ساتھ واپس لاناچاہتے ہیں تاکہ ساری زندگی مفروری کادھبہ ان پر نہ رہے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ انہیں دفاع کا موقع دیناچاہتے ہیں چیف جسٹس نے وکیل سے کہاکہ آپ خود جاکریوای ای سے آصف ہاشمی کولے کرآئیں آپ کوکتنے دن دیں ؟ وکیل کا کہنا تھا کہ15دن دے دیں ان کا دوبئی میں کاروبار ہے کاروبار سمیٹنا ہوگا ۔ عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے وزارت خارجہ کو آصف ہاشمی کی دستاویزات تیارکرنے کاحکم دے دیا۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ دستاویزات تیارکرکے آج ہی دیںدستاویزات ملنے کے بعد آصف ہاشمی اگلے ہفتے پاکستان آجائیں آصف ہاشمی کے وکیل کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کو ہدایت کی جائے کہ وہ میرے موکل کو پاسپورٹ ایشو کرے ، چیف جسٹس نے کہاکہ آپ کو پاکستان ایک مرتبہ سفرکی سہولت مل جائے گی۔