یوٹیلٹی سٹوروں کی بندش سے ہزاروں خاندان فاقوں پر مجبور ہوجائیں گے: نوراللہ صدیقی
لاہور (خصوصی نامہ نگار)عوامی تحریک کے سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی نے کہا ہے کہ مزدوروں اور کم آمدنی والے طبقات کی آخری امید یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کو نواز حکومت نے منصوبہ بندی کے تحت دیوالیہ کروایا۔حکومت کو سالانہ8ارب ٹیکس ادا کرنے والی یہ کارپوریشن نواز حکومت نے غیر ملکی مالیاتی اداروں کے دبائو پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومتیں،غریب اور کم آمدنی والے شہریوں کو سستی خوراک مہیا کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ وسائل مہیا کرتی ہیں۔ مگر نواز حکومت نے غریب دشمنی میں یوٹیلٹی سٹوروں کو سبسڈی دینے کا حکم دیا اور پھر سبسڈی کی رقم دینے سے انکار کر کے انہیں دیوالیہ کر دیا۔مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے کہاکہ یوٹیلٹی سٹورکارپوریشن سے 15ہزار ملازمین کا روزگار وابستہ ہے۔سٹوروں کی بندش سے ہزاروں خاندان فاقوں کی دہلیز پر آ جائیں گے۔