بیوٹی سیلون سسٹم کے تحت تمام پارلرز اور حجام کی رجسٹریشن کا سلسلہ جاری ہے: عمران نذیر
لاہور(کامرس رپورٹر ) صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر ڈیپارٹمنٹ خواجہ عمران نذیر کے زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا نواں ماہانہ اجلاس ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ کوپر روڈ میں ہوا۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ سنٹرلائیذڈباربر اینڈ بیوٹی سیلون لائسنسنگ سسٹم کے تحت تمام پارلرز اورحجام کی رجسٹریشن کا سلسلہ جاری ہے اور یہ مرحلہ جلد از جلد مکمل کر لیا جائے گا،جس سے ہیپا ٹائٹس اور انفیکشن کنٹرول پروگرام کو مزید تقویت ملے گی اور ہیپا ٹائٹس اور دوسرے وبائی امراض کے تدارک کو یقینی بنا لیا جائے گا۔ ان کا مزیدکہنا تھا کہ پنجاب حکومت شعبہ صحت میں بہتری کے لیے کوششیں کر رہی ہے، جن کے دوررس نتائج مرتب ہوں گے۔اجلاس میں سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر ڈیپارٹمنٹ علی جان خان،ایڈیشنل سیکرٹری ڈرگز کنٹرول محمدسہیل،چیف ڈرگز کنٹرولرپنجاب محمدمنورحیات کے علاوہ پراونشل ڈرگز کنٹرول یونٹ، پراونشل کوالٹی کنٹرول بورڈ، چیف ڈرگزکنٹرولرپنجاب آفس کے افسران اورتمام اضلاع کے سیکرٹریز ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ نے شرکت کی۔