خیبرپختونخوا کی پہلی ڈی این اے ٹیسٹنگ لیبارٹری کا افتتاح کردیا گیا
پشاور(بیورورپورٹ)خیبرپختونخوا کی پہلی ڈی این اے ٹیسٹنگ لیبارٹری کا افتتاح کردیا گیا ہے، لیبارٹری کا باقاعدہ افتتاح منگل کے روز سیکرٹری ہیلتھ عابد مجید نے کیا۔انچارج لیبارٹری جمیل کا کہنا ہے کہ اس لیب پر 4 کروڑ 50 لاکھ روپے کی لاگت آئی ہے اور اب صوبہ کے عوام کو ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے دوسرے صوبے نہیں جانا پڑے گا۔محکمہ صحت ذرائع کے مطابق لیبارٹری کیلئے امریکہ سے 400 کٹس درآمد کئے گئے ہیں اور ہر ایک کٹ کے ذریعے 100 افراد کا ڈی این اے ٹیسٹ کیا جاسکتا ہے اور ایک کٹ کھولے جانے کے بعد 6 ماہ تک کارآمد ہوتا ہے۔یاد رہے کہ یہ لیبارٹری 3 سال قبل خیبرمیڈیکل کالج پشاور میں تعمیر کی گئی تھی، لیبارٹری میں ماہرین بھی موجود تھے تاہم کٹس نہ ہونے کی وجہ سے یہ غیر فعال تھی جس کی وجہ سے کئی اہم کیسز التواء کا شکار تھے، اب جب مردان میں آسماء قتل کے بعد اس لیبارٹری کی غیر فعالی کے باعث صوبائی حکومت کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تو اس کو فعال بنانے کیلئے کوششیں شروع کردی گئی اور گزشتہ دنوں ڈی این اے کٹس درآمد کرکے منگل کے روز لیبارٹری کا افتتاح کردیا گیا۔
ڈی این اے ، لیب