کینٹ کی تاجر برادری نے فرنٹ آف شاپس بورڈ ٹیکس مسترد کر دیا
راولپنڈی (نیوزرپورٹر)کینٹ کی تاجر برادری نے فرنٹ آف شاپس بورڈ ٹیکس مسترد کر دیا۔مرکزی انجمن تاجراں کینٹ کا ایک ہنگامہ اجلاس زیر صدارت شیخ حفیظ احمد منعقد ہوا۔کینٹ کی تاجر برادری نے متفقہ طور پر کینٹ بورڈ کی جانب سے بند کمرے میںکئے گئے اس فیصلے کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہاکہ تاجر برادری پہلے ہی ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبی ہوئی ہے۔ اب ان پر فرنٹ آف شاپس بورڈ ٹیکس بھی لگا دیا گیا ہے ۔ بورڈ ٹیکس ہورڈنگ ایڈورٹائزنگ کی مد میں وصول کیا جاسکتا ہے لیکن دکانوں پرٹیکس لگانا سراسر ناانصافی ہے ۔انہوں نے کہا ہم کبھی بھی اس کالے قانون کو نہیں مانیں گے۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ تاجر برادری کینٹ بورڈ کو 75 فیصد ریونیو دیتی ہے اور موجودہ حالات کو دیکھا جائے تو تاجر برادری کو کچھ بھی ریٹرن نہیںکیا جاتا۔ کینٹ بورڈ کی غلط پالیسیوں کے باعث ہمارے کاروبار آدھے ہوگئے ہیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جلد کینٹ کی تاجر تنظیموں کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے گا اور نئے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ اجلاس سے ظفر قادری، منیر مغل، منیر بیگ، مشتاق کان ، وسیم احمد اور دیگر نے خطاب کیا ۔ اجلاس میں کثیر تعداد میں تاجروں نے شرکت کی۔