کرپشن کے الزام میں سابق وزیر،رکن بلوچستان اسمبلی میر اظہار کھوسہ گرفتار
کوئٹہ (صباح نیوز) قومی احتساب بیورو(نیب) بلوچستان نے موجودہ رکن صوبائی اسمبلی اور سابق وزیر خوراک بلوچستان میر اظہار حسین کھوسہ کو کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن کے الزام میں گرفتار کر لیا ، سابق وزیر نے قومی خزانے کو تقریبا 28 کروڑ کا نقصان پہنچایا۔ ذرائع کےمطابق گزشتہ روز قومی احتساب بیورو بلوچستان نے محکمہ خوراک میں اربوں روپے کی کرپشن کے کیس میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے موجودہ ایم پی اے اور سابق وزیر خوراک بلوچستانمیر اظہار حسین کھوسہ کو گرفتار کر لیا ، سابق وزیر خوراک نے محکمے کی سفارشات کے بر خلاف بری ساکھ کے حامل گریڈ 6 کے منظور نظر ملاز م کو انچارج پی ار سی سینٹر سریاب تعینات کروایا ، اس دوران وزیر خوراک کی آشیرباد سے 65 ہزار گندم کی بوریاں غبن کر کے قومی خزانے کو تقریبا 28 کروڑ کا نقصان پہنچایا گیا۔ملزم کو گرفتار کر کے نیب بلوچستان جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ ملزم کو آج احتساب عدالت پیش کرکے جسمانی ریمانڈ کی استدعاکی جائے گی۔ دریں اثنا قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے مضاربہ کیس میں 269.61 ملین روپے کی بدعنوانی میں ملوث مفرور ملزم محمد عزیر شاہ کو گرفتار کر لیا، ملزم کو احتساب عدالت میں پیش کیا،عدالت نے ملزم کو مزید تفتیش کیلئے 9 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالہ کر دیا۔ گرفتار کئے گئے ملزم پر ریاض خان اور دیگر کے خلاف مضاربہ کیس میں اسلامی سرمایہ کاری کے تناظر میں لوگوں سے بڑے پیمانے پر دھوکہ دہی سے لوٹ مار کا الزام ہے۔ 113 متاثرین نے ملزم کے خلاف نیب راولپنڈی سے رجوع کیا اور انہوں نے 269.61 ملین روپے کے کلیم داخل کرائے۔ تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ ملزمان نے مضاربہ کے نام پر کاروبار کیلئے لوگوں کو بھاری منافع دینے کا لالچ دے کر سرمایہ کاری کیلئے رقم وصول کی لیکن ان کا کاروبار ناکام رہا اور لوگ اپنی جمع پونجی سے محروم ہو گئے۔ ملزم عزیر شاہ نے 25 فروری 2015ءمیں رضاکارانہ واپسی کی درخواست جمع کرائی اور اپنے ذمہ واجب الادا رقم واپس کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ انہوں نے اپنی اٹک میں واقع تین اراضی کے اصلی کاغذات جمع کرائے، بعد میں ملزم غائب ہو گیا اور تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش ہونے سے انکار کر دیا۔ انہیں اٹک میں تلاش کرنے کی کوشش کی گئی تاہم وہ اپنے خاندان سمیت اپنے مستقل پتہ سے کہیں اور منتقل ہو گیا تھا۔ ملزم کو منگل کو احتساب عدالت اسلام آباد میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے ملزم کو مزید تفتیش کیلئے 9 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالہ کر دیا۔