ڈیلی ویجز مظاہرین نے سابق وزیراعظم کی گاڑی روک لی
اسلام آباد (نامہ نگار) احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر وفاقی دارالحکومت کے تعلیمی اداروں کے ڈیلی ویجز ملازمین کا احتجاجی مظاہرہ، مظاہرین نے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی گاڑی کو روک لیا اور ان کی گاڑی پر مکے برساتے رہے، سابق وزیراعظم کے سیکورٹی سٹاف اور ملازمین کے درمیان ہاتھا پائی، ملازمین نے اس موقع پر وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر اساتذہ نے اپنے مطالبات کے کتبے نواز شریف کی گاڑی کے سامنے لہرانے شروع کر دیئے، تاہم بعد میں پولیس اور سیکورٹی اہلکاروں کی مداخلت پر گاڑی جو ڈیشل کمپلیکس میں داخل ہو گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم کئی سالوں سے اپنی مستقلی کے لیے سڑکوں پر رل رہے ہیں اور ہمیں جولائی سے اب تک تنخواہیں بھی نہیں ملی ہیں۔ ہم اپنے مطالبات کی منظوری تک احتجاج کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ ڈیلی ویجز ملازمین کے احتجاج کی وجہ سے تعلیمی اداروں میں سرگرمیاں بری طرح متاثر، سالانہ امتحانات سر پر ہیں لیکن اداروں میں کلاسیں نہ ہونے سے سلیبس مکمل نہ ہو سکے، 2200 ڈیلی ویجزملازمین جن میں اساتذہ کی بڑی تعداد شامل ہیں تین جنوری سے احتجاج کر رہے ہیں۔
ڈیلی ویجزمظاہرین