واٹر بورڈ کی نااہلی سے ہزاروں گیلن پانی ضائع
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں محکمہ واٹر بورڈ کی بدانتظامی سے ہزاروں گیلن پانی ضائع ہو رہا ہے تو دوسری جانب مختلف علاقوں میں طویل عرصے سے پانی بند کر کے اہل علاقہ سے بھتہ طلب کیا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق فیڈرل بی ایریا بلاک 19 کے علاقے روشن باغ سوسائٹی میں پانی کا بحران ختم نہ ہو سکا سرکاری اہلکار دیدہ دلیری سے شہری علاقوں کا پانی بھتے کے عوض صنعتوں کو سپلائی کر رہے ہیں‘ رنگے ہاتھوں پکڑے جانے والے اسٹاف کے خلاف بھی کارروائی نہیں کی گئی جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ پانی چوری میں اعلیٰ افسران ملوث ہیں۔ شہریوں نے الزام لگایا ہے کہ آمدن سے زائد اثاثے رکھنے والے اسٹاف کی انکوائری کرائی جائے۔ دوسری جانب شہر میں درجنوں والو ٹوٹنے کے باعث ہزاروں گیلن پانی ضائع ہو رہا ہے۔ نارتھ کراچی یو پی سوسائٹی اسٹاپ چابی بنانے والی دکانوں کے قریب والو ٹوٹا ہوا ہے جس سے بڑی مقدار میں پانی ضائع ہو رہا ہے جبکہ قریبی سیکٹر 11-L فاروقیہ مسجد مکان نمبر L-157 کے اطراف گزشتہ کئی ماہ سے پانی بند ہے۔ اہل علاقہ کے مطابق لائن مین پانی کی فراہمی کیلئے رقم طلب کر رہا ہے۔ متاثرین نے ایم ڈی واٹر بورڈ سمیت اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔