لاہور (اپنے نمائندے سے) وزیر ٹرانسپورٹ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن سے اربن ٹرانسپورٹ اونر ایسوسی ایشن کے وفد نے ڈیزل کی قیمتیں بڑھنے سے پیدا ہونے والی صورت حال پر مذاکرات کئے جس کے بعد انہوں نے اپنی ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا اور متفقہ طور پر مرحلہ وار کرایہ 13روپے‘ 18روپے‘ 22روپے‘ 25روپے اور آخری مرحلہ پر 27روپے طے کیا گیا۔ پہلے مرحلہ پر کرایہ 11روپے سے 2روپے اضافہ کے ساتھ 13روپے کیا گیا ہے۔ اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ ڈیزل قیمتیں 5روپے فی لٹر بڑھ گئیں تو کرایہ ہر مرحلہ پر ایک روپیہ بڑھا دیا جائے گا اور قیمتیں 5روپے فی لٹر کم ہو گئیں تو کرایہ اسی نسبت سے ہر مرحلہ پر ایک روپیہ کم کیا جائے گا۔ اس موقع پر اربن ٹرانسپورٹ اونر ایسوسی ایشن کے عہدیداران بشیر سیال چیئرمین‘ محمد ارشد نیازی جنرل سیکرٹری اور پریمیر بس سروس کے مقصود موجود تھے۔ قبل ازیں ٹرانسپورٹرز اور اربن ٹرانسپورٹ کے سٹاف نے درجنوں بسیں پنجاب اسمبلی کے قریب کھڑی کرکے دھرنا دیا جس سے مال روڈ 3گھنٹے بند رہی اور شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ لاہور پولیس نے اربن ٹرانسپورٹ کے ایک عہدیدار جن کا تعلق مسلم لیگ (ن) سے ہے احتجاج اور دھرنا ختم کرانے اور مال روڈ کھلوانے کیلئے مسلم لیگ (ن) کے لیگی ایم این ایز کی خدمات بھی حاصل کیں۔ ٹریفک بند رہنے کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگی رہیں اور ٹریفک وارڈن صورتحال کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہے۔
اربن ٹرانسپورٹ
اربن ٹرانسپورٹ