اسلام آباد (آن لائن) وزیر داخلہ رحمن ملک نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے ہر لاپتہ فرد کی ایف آئی آر کا فوری اندراج کرنے سمیت اس کی تازہ رپورٹ سے وزارت داخلہ کو آگاہ کیا جائے جبکہ وفاقی حکومت صوبوں کے ساتھ مل کر لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے ہر ممکن اقدامات کریگی۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کی ہدایت کے بعد لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے وزارت داخلہ میں وزیر داخلہ رحمن ملک کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری دفاع، قومی سلامتی کے اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران وزیر داخلہ نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر لاپتہ افراد کے کوائف اکٹھے کر رہی ہے تاکہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت مقدمات میں سنجیدگی کے ساتھ پیشرفت ہو سکے‘ رحمن ملک نے تمام صوبائی ہوم سیکرٹریز کو بھی ہدایت کی کہ وہ لاپتہ افراد کی سماعت کے دوران اٹارنی جنرل آف پاکستان کی اس کیس میں معاونت کریں۔دریں اثناءوزیر داخلہ رحمن ملک سے وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی نے گذشتہ روز یہاں ملاقات کی‘ اس موقع پر صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ نے لاپتہ افراد کی تلاش کا ہرممکن یقین بھی دلایا ہے۔
رحمن ملک
رحمن ملک