انتخابات میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں- چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا کہنا ہے کہ انتخابات میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔قومی ووٹرز ڈے کے سلسلے میں آج اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان عناصر کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ہے جنہوں نے انتخابی عمل کے دوران لاقانونیت اور بے ضابطگیوں کا سہارا لینے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کے نتیجے میں انتخابات، جمہوری عمل اور الیکشن کمیشن پر عوام کا اعتماد بڑھا ہے۔چیف الیکشن کمیشن نے کہا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اس پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی بھی کوشش کی گئی ہے۔سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن انتخابی عمل میں ٹیکنالوجی کے استعمال کی حمایت کرتا ہے۔ لیکن ٹیکنالوجی ایسی ہونی چاہیے جس پر تمام سٹیک ہولڈرز کا اتفاق ہو، لوگ آسانی سے اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں اور ووٹ کی رازداری کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ای وی ایم یا سمندر پار پاکستانیوں کے حق رائے دہی کی مخالفت نہیں کی لیکن اس کے لیے کوئی طریقہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عام انتخابات کو جلد بازی میں متنازع نہیں بنا سکتے۔بلدیاتی اداروں کو سب سے اہم قرار دیتے ہوئے سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ ان کا ادارہ ان کے طرز عمل میں سنجیدہ ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات 31 دسمبر کو ہوں گے جبکہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ اگلے ماہ کی 15 تاریخ کو ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ اتوار کو ہوگی۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہم پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لیے بھی تیار ہیں اور یہ اپریل کے آخری ہفتے میں ہوں گے۔