اسلام آباد (رپورٹ: عبدالستار چودھری) پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن (پی ٹی وی) کی انتظامیہ نے اعلیٰ شخصیات کو نوازنے اور اقرباءپروری کےلئے ایکس کیڈر کا چور دروازہ کھول لیا، برسوں سے ترقیوں کے منتظر ریگولر ملازمین کو نظر انداز کر کے من پسند افراد کو (باقی صفحہ 5پر)
پرکشش مراعات پر اعلی گریڈوں میں ترقی دینے کا سلسلہ جاری ہے، محنتی اور قابل ملازمین میں خود کو نظر انداز کئے جانے اور اندرکھاتے سفارشی نااہل افراد کو اعلی گریڈوں پر ترقیاں دیئے جانے پر مایوسی پھیلنے لگی۔ روزنامہ نوائے وقت کو دستیاب دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ حال ہی میں ایک شخصیت کو نوازنے کےلئے پی ٹی وی انتظامیہ نے ایک آفس آرڈر جاری کیا جس میں انٹرنل امیدواروں کے لئے گروپ 9 میں جنرل مینجر میڈیا ریلیشنز کی آسامی پر پی آر کا پانچ سالہ تجربہ رکھنے والے ملازمین سے درخواستیں طلب کی گئیں۔ پی ٹی وی ذرائع کے مطابق ریگولر ملازمین کی ترقی کےلئے ہر تین سال کے بعد بورڈ کا اجلاس منعقد ہوتا ہے جس کے تحت خالی آسامیوں پر ریگولر ملازمین کو ترقیاں دی جاتی ہیں۔ ذرائع کے مطابق موجودہ مینجمنٹ نے ریگولر ملازمین کو ترقی دینے کی بجائے ایکس کیڈر میں من پسند افراد کو نوازنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ حال ہی میں لاہور سٹیشن پر گروپ نائن میں سدرہ عاصم کو ترقی دی گئی، اس کے علاوہ عمران صدیقی کو ایکس کیڈر میں ترقی دی گئی ہے ، عرفات کو گروپ سیون میں ایڈجسٹ کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک سابق وفاقی وزیر کے عزیز کو نوازنے کے لئے گروپ نائن میں ایکس کیڈر پر نہ صرف ترقی دی گئی بلکہ پچھلی تاریخوں میں 2015 سے لے کر 2022 تک کی گروپ نائن کی مراعات اور تنخواہیں بھی ادا کی گئیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حال ہی میں پارلیمنٹ کی ایک اہم شخصیت کے کسی عزیز کو نوازنے کے لئے گروپ نائن کی ایک اسامی کا آفس آرڈر جاری کیا گیا ہے اور اس میں جو تجربہ مانگا گیا ہے مذکورہ امیدوار وہ تجربہ بھی نہیں رکھتا لیکن اس کو ترقی دی جا رہی ہے۔ریگولر ملازمین کا کہنا ہے کہ ہم برس ہا برس سے ترقی کے انتظار میں ہیں لیکن ریگولر ملازمین کی ریٹائرمنٹ پر جو بھی سیٹ خالی ہوتی ہے اس پر ایکس کیڈر کے تحت من پسند افراد کو ترقی دے دی جاتی ہے جو کہ ہمارے حق پر ڈاکا ڈالے جانے کے مترادف ہے۔ اس ضمن میں پی ٹی وی کے ڈائریکٹر ایڈمن سے رابطہ کی کوشش کی گئی تاہم انہوں نے کال وصول کرنے سے گریز کیا۔
پی ٹی وی ترقیاں
پی ٹی وی انتظامیہ نے اعلی شخصیات کو نوازنے کیلئے ایکس کیڈر کا چور دروازہ کھول لیا
Dec 07, 2022