سانحہ سیالکوٹ نے سب کو ہلا کر رکھ دیا ،دین اور حضورﷺ کے نام پر ظلم کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے،افسوس ناک واقعے کے بعد ہمیں ملک عدنان کو دیکھ کرخوشی ہوئی،افسوس ناک واقعے کے بعد ہمیں ملک عدنان کو دیکھ کرخوشی ہوئی ،وزیراعظم عمران خان کا اسلام آباد میں آنجہانی پریانتھا کمارا کے اعزاز میں تقریب سے خطاب
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سانحہ سیالکوٹ نے سب کو ہلا کر رکھ دیا ، سانحہ سیالکوٹ میں ملوث لوگوں کو نہیں چھوڑا جائے گا۔ دین اور حضورﷺ کے نام پر ظلم کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے،افسوس ناک واقعے کے بعد ہمیں ملک عدنان کو دیکھ کرخوشی ہوئی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں سانحہ سیالکوٹ کے دوران مشتعل ہجوم کی جانب سے مبینہ توہین مذہب کے الزام کے بعد قتل ہونے والے سری منیجر پریانتھا کمارا کی یاد میں وزیراعظم ہاوس میں آنجہانی کے خاندان، سری لنکن حکومت اور عوام سے اظہاریکجہتی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وفاقی وزرافوادچودھری، غلام سرورخان، حماداظہر، عمر ایوب، شیریں مزاری اور علی محمد خان، معاون خصوصی علامہ طاہراشرفی اورعثمان ڈار، سری لنکن شہری کوہجوم سےبچانےکی کوشش کرنیوالےملک عدنان، سری لنکن ہائی کمشنربھی تقریب میں شریک ہوئے۔ تقریب کے دوران سری لنکن شہری کی جان بچانے کی کوشش کرنیوالے ملک عدنان کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ عدنان آپ اکیلے ایک آدمی تھے جو حق پر کھڑے تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ تاریخ آپ کو ایک بہادر کے طور پر یاد رکھے گی کہ ایک انسان تھا جو حیوانوں کے سامنے ڈٹ کر کھڑا تھا۔ آپ نوجوانوں کے لیے رول ماڈل ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ اسلام اور توہین رسالت ﷺ کے نام پر چند لوگ خود ہی فیصلہ کرلیتے ہیں اور خود ہی سزا بھی دے دیتے ہیں اور اگر خوش قسمتی سے الزام کا سامنے کرنے والا زندہ بچ جائے اور گرفتار ہو کر جیل پہنچ جائے تو نہ تو کوئی وکیل کیس لڑنے کی ہمت کر پاتا ہے اور نہ ہی کوئی جج کیس سننے کو تیار ہوتا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ جو کوئی بھی اسلام یا نبی آخری الزماں ﷺ کے نام پر کسی پر ظلم کرے گا ہم اسے کسی بھی صورت نہیں چھوڑیں گے۔ آرمی پبلک اسکول کے سانحے کے بعد قوم کو دوبارہ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔