پاکستان اور سعودی عرب کے مابین ہنرمندوں کی سرٹیفکیشن کا معاہدہ
پاکستان اور سعودی عرب نے تکامول اور نیوٹیک کے ذریعے سعودی عرب میں کام کرنے کے خواہش مندوں کی سرٹیفکیشن کیلئے ایک تاریخی معاہدے پر دستخط کئے۔ اس معاہدے کے تحت سعودی عرب میں کام کرنے کے خواہش مند افراد کو آر پی ایل کے تحت بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ مستند سرٹیکفیٹس دیئے جائیں گے۔ یہ معاہدہ پاکستانی افرادی قوت کو نہ صرف روزگار کے حصول میں معاون ثابت ہوگا بلکہ قومی پیداوار و ترقی کا بھی باعث بنے گا۔
پاکستان اور سعودی عرب کے مابین برادرانہ خوشگوار تعلقات پرانے ہی نہیں بلکہ گہرے بھی ہیں۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان مراسم میں مزید استحکام آیا اور مشکل وقت میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے نظر آتے ہیں۔ پی ٹی آئی حکومت جب اقتدار میں آئی تو معیشت زبوں حالی کا شکار تھی‘ ملک چلانے کیلئے ایک خطیر رقم کی ضرورت تھی‘ اس وقت پاکستان کے دوسرے دوست ممالک نے جہاں پاکستان کو بیل آئوٹ پیکیج دیئے‘ وہیں برادر سعودی عرب نے پاکستان کو بیل آئوٹ پیکیج کے علاوہ دو سال تک ادھار تیل کی فراہمی کا بھی معاہدہ بھی کیا۔ اس امداد سے پاکستان کی معیشت میں استحکام آیا اور ملک مشکل ترین وقت سے بخیر و عافیت باہر نکل آیا۔ پاکستان میں کسی قسم کا بحران ہو‘ برادر سعودی عرب نے پاکستان کی کھل کر مدد کی۔ چند روز قبل بھی سعودی عرب نے پاکستان کو ایک امدادی پیکیج دیا جس کے خاطرخواہ نتائج برآمد ہوئے۔ تکامول اور نیوٹیک کے ذریعے سعودی عرب میں کام کرنے کے خواہش مندوں کی سرٹیفکیشن کیلئے ہونیوالا تاریخی معاہدہ بھی پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے اور دوستانہ تعلقات میں وسعت پیدا کریگا۔ جس کا فائدہ یقیناً دونوں ممالک کو ہوگا۔ یہ معاہدہ پاکستانی افرادی قوت کو نہ صرف روزگار کے حصول میں معاون ثابت ہوگا بلکہ قومی پیداوار و ترقی کا بھی باعث بنے گا۔ایسے معاہدے دونوں ممالک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرینگے بلکہ ایک دوسرے کے تعلقات میں مزید استحکام کا باعث بنیں گے۔