پی ڈی ایم کا مقصد کورونا پھیلانا ہے، شہباز گل

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا مقصد کورونا پھیلانا ہے ، بروقت حکومتی فیصلوں کی وجہ سے کوروناوائرس پر قابو پایا گیا جسے دنیا نے بھی فالو کیا۔
انہوںنے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ کوروناوائرس سے دنیا میں بدترین جانی نقصان ہوا، معیشتیں تباہ ہوئیں، دنیا میں اشیا خورونوش کی قیمتیں 6 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔انہوں ِ نے کہا ہے کہ یو این او کے ذیلی ادارے ایف اے او کے مطابق فوڈ پوائنٹ انڈیکس 105 پر پہنچ گیا، فوڈ پوائنٹ انڈ یکس اکتوبر 2020 کے مقابل 3.9 فیصد اور گذشتہ نومبرکی نسبت 6.5 فیصد زیادہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بروقت حکومتی فیصلوں کی وجہ سے کوروناوائرس پر قابو پایا گیا جسے دنیا نے بھی فالو کیا،ورلڈ اکنامک فورم نے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوںنے اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس مسئلہ سے پوری دنیا نبرد آزما ہے کرپٹ ٹولہ اس پرسیاست اور پروپیگنڈا کررہی ہے، پی ڈی ایم کا مقصد کورونا پھیلانا ہے، یہ چاہتے ہیں کہ خدانخواستہ زیادہ سے زیادہ لوگ کورونا سے متاثر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ چاہتے ہیں کہ ہر طرف افراتفری پھیلے تا کہ ایسے حالات سے سیاسی فائدہ اٹھاسکے، اپنی کرپشن بچانے کے لیے کرپٹ ٹولہ عوام کو اپنی سیاست کے بھینٹ چڑھانا چاہتے ہیں۔