صوبہ سندھ میں صحت کا نظا م درہم برہم ہے، دعا زبیر
کراچی (نیوز رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنماء دعا زبیر نے سندھ میں دو مزید پولیو کیسز سامنے آنے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ سندھ بیماریوں کا گڑھ بن چکا ہے، سندھ کی عوام صحت ، تعلیم اور صاف پانی سے بھی محروم ہے، سندھ کے ہسپتالوں میں سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں ، پانچ کروڑ کی آبادی میں جتنے ہسپتال کام کر رہے ہیں ان میں بستروں اور ادویات سمیت ڈاکٹرز اور دیگر اسٹاف کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جناح ہسپتال کراچی میں ضلع وسطی تحریک انصاف کی کارکن صدف کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،دعا زبیر کا کہنا تھا کہ صحت اور تعلیم پر اربوں روپے کا بجٹ ہر سال پاس کیا جاتا ہے مگر یہ سارا بجٹ سندھ حکومت کے وزراء اپنے محلوں کو وسیع کرنے میں لگا دیتے ہیں ، ہسپتالوں میں غیر تربیت یافتہ عملہ اپنی من مانیاں کرتا ہے، یہی وجہ ہے کہ ڈاکٹروں کی غفلت کے باعث ہسپتالوں میں اموات کی شرح میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ گورنمنٹ ہسپتال ، لیاری جنرل ہسپتال ، سعودآباد ، نیو کراچی ، کورنگی ، لیاقت آباد سمیت دیگر اسپتالوں میں مریضو ں کا کوئی پرسان حال نہیں ، مریضوں کو معمولی ٹیسٹس کے لیے بھی پرائیویٹ ہسپتالوں کا رخ کرنا پڑتا ہے جبکہ بیشتر مریض حکومت کی جانب سے فری ادویات کے حصول میں ناکام رہتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ شہر قائد کے علاوہ اندرون سندھ جتنے بھی سرکاری ہسپتال ہیں یا صحت کے مراکز ہیں یاتو وہ بند پڑے ہیں یا پھر وہ عوام کے کسی کام کے نہیں ہیں کیونکہ وہ طبی سہولیات کے ساتھ ساتھ ادویات سے بھی محروم ہیں اور نہ ہی ان مراکز پر ڈاکٹر اور دوسرا عملہ موجود ہوتا ہے۔