ڈی این اے کے سبب بائیو ساسئینسز کے علم کا تعلق فرد کے بعد از مرگ بھی قائم رہتا ہے:ڈاکٹر زبیر شیخ
کراچی( نیوزرپورٹر) محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی(ماجو) کے صدر پروفیسر ڈاکٹر زبیر احمدشیخ نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل پاکستان کے خواب کی بہت تیزی کے ساتھ تکمیل کی جانب پیش رفت ہورہی اور بہت جلد ہم ڈیجیٹل پاکستان بنانے میں کامیاب ہو اجائیں گے، بائیو سائینسز کے شعبہ میں بائیو لوجی اور کمپیوٹرسائینس کے اشتراک سے انسانی، جانوروں اور پودوں کی زندگی کے بارے میں تحقیق کے نتیجہ میں حیرت انگیز نتائج سامنے آئے ہیں ۔ انہوں نے کہا ہے کہ بائیو سائینسز کے علم کی ایک خاص بات یہ ہے کا اس کا تعلق انسان کے ساتھ اس کے مرجانے کے بعد بھی قائم رہتا ہے کیونکہ ڈی این اے ٹیسٹ کے نتیجے میں بعد از مرگ کسی انسان کی ساری ہسٹری کا پتہ لگایا جاسکتاہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ماجو کے بائیو سائینسز کے شعبہ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی دو روزہ اپلائیڈ بائیو سائینس کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر آذر بائیجان میڈیکل یونیورسٹی کے صعیب علی زادہ، بلوچستان یونیورسٹی کوئیٹہ کے ڈاکٹر ابرار حسین ،ماجو کی فیکلٹی آف لائف سائینسز کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر کامران عظیم، بائیو سائینسز کے شعبہ کی سربراہ ڈاکٹر ھما جاوید اور آرگنائیزنگ سیکریٹری ڈاکٹر مریم شفیق بھی موجود تھے۔