کراچی ، مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی سے موسم مزید سرد
کراچی ( نوائے وقت نیوز) شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی سے موسم مزید سرد ہوگیا ہے۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور بونداباندی سے موسم مزید سرد ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق 11 دسمبر سے سردی کی ایک نئی لہر کراچی میں داخل ہوگی جو ایک ہفتے تک رہنے کا امکان ہے۔ کراچی میں جمعہ کی علی الصبح مختلف علاقوں لانڈھی، کورنگی، ملیر اور ایئرپورٹ کے علاقوں میں بارش ہوئی جب کہ نارتھ کراچی، ناگن چورنگی، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، گلشنِ اقبال، گلستانِ جوہر، ڈیفنس اور کلفٹن میں بوندا باندی ہوئی، جس کی وجہ سے موسم مزید خوش گوار اور سرد ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مشرق سے 24کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، ہوا کی رفتار میں مزید اضافے ہوگا جس سے مزید سردی بڑھے گی ۔ ٹھنڈی ہوائیں چلنے اور شہر کا موسم سرد ہونے پر شہریوں نے بھی گرم ملبوسات پہن لیے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کم سے کم درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ اورزیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24ڈگری سینٹی گریڈاورہوا میں نمی کا تناسب 35 فیصدریکارڈ کیا گیا۔آئندہ 24گھنٹے کے دوران موسم سرد اور خشک رہے گا۔