موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے گشت پر مامور دو پولیس اہلکار زخمی
کراچی (این این آئی) کراچی میں لوٹ مار کرنے والے موٹرسائیکل سوار 2 ملزمان کی فائرنگ سے گشت پر مامور دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ پولیس حکام کے مطابق دونوں پولیس اہلکاروں کی حالت خطرے سے باہر ہے جبکہ فائرنگ کرنے والے ملزمان کی گرفتاری کے لئے تلاش شروع کردی گئی ہے۔کراچی کے علاقے عزیز بھٹی تھانے کی حدود میں یونیورسٹی روڈ پر 2 موٹر سائیکل ملزمان کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ زخمی ارسلان اور فیصل کو فوری علاج کے لئے نجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ڈی آئی جی ایسٹ کے مطابق فائرنگ کرنے والے ملزمان جیل چورنگی کے اطراف لوٹ مار کر کے فرار ہوئے تھے۔ پولیس کے پیچھا کرنے پر ملزمان نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دونوں پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔