سیسی صنعتی ورکرز کی آن لائن رجسٹریشن کیلئے سائٹ میں ہیلپ ڈیسک قائم کریگا
کراچی(کامرس رپورٹر) سندھ ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن ( سیسی ) صنعتکاروں کو آن لائن رجسٹریشن کی سہولت فراہم کرنے کے لیے سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری میں ہیلپ ڈیسک قائم کرے گی، کسی بھی نئے کاروبار کے آغاز پر ویب سائٹ www.business.sindh.gov.pk پر لاگ آن کرکے اپنی کمپنی کوباآسانی رجسٹر کروایا جاسکتا ہے جس کی تمام معلومات متعلقہ محکموں کو خودکار نظام کے تحت فراہم کردی جائے گی جن میں محکمہ لیبر اور خدمات فراہم کرنے والی کمپنیاں و دیگر شامل ہیں۔یہ بات سیسی کے وائس کمشنر آصف میمن نے سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری میں ’’ آن لائن بزنس رجسٹریشن‘‘ پر دی گئی پریزینٹیشن کے موقع پر کہی۔ اس موقع پر سائٹ ایسوسی ایشن کے صدر سلیمان چاؤلہ،سینئر نائب صدر سلیم ناگریا، نائب صدر فرحان اشرفی ،ممبران کے علاوہ سیسی کے افسران بھی موجود تھے۔ آصف میمن نے کہاکہ کمپنی کو رجسٹرکروانے کے بعد نیا کاروبار کرنے والوں کو علیحدہ سے متعلقہ محکموں سے رابطہ کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی کیونکہ متعلقہ محکمے خودکار نظام کے تحت معلومات حاصل کرکے نئے کاروبار کرنے والے افراد سے ازخود رابطہ کریں گے جو کاروبار کرنے کو آسان بنانے کی کوششوں کا ایک حصہ ہے۔انہوں نے کہاکہ وہ تمام صنعتیں جن کی تفصیلات سیسی کے پاس پہلے ہی موجود ہیں انہیں آن لائن رجسٹریشن کے لیے صرف ایک فارم بھرنا ہوگا۔سیسی حکام سسٹم میں معلومات کا اندراج کرکے رجسٹرڈ افراد کو تصدیقی سند جاری کریں گے اور ان سے سیسی کے ساتھ رجسٹرڈ ان کے ملازمین کی تفصیلات حاصل فراہم کرنے کاکہا جائے گا۔