حضرت غوث الاعظم ؒ امت کے عظیم رہبر تھے:ڈاکٹر اشرف آصف جلالی
لاہور (خصوصی نامہ نگار)تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم اور تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام جامع مسجد رضائے مجتبیٰ میںحضرت سیدنا شیخ عبد القادر جیلانی کی یاد میں ’’غوث اعظم ‘‘کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ غوث اعظم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا حضرت غوث اعظم ؒ اولیا ء امت میں سے وہ ولی ہیں جنکی کرامات پر اجماع منعقد ہے۔صحابہ و تابعین ؓ کے بعد اللہ تعالی نے آپ کو جو مقبولیت عطا فرمائی وہ آپ ہی کا حصہ ہے ۔اللہ تعالی نے آپ کو اپنی مدد کا مظہر بنایا اس بنیاد پر آپ کو غوث اعظم کہا جاتا ہے۔ حضرت غوث اعظم سیدنا شیخ عبدالقادر جیلانی عقیدہ ختم نبوت کا فیضان اور صدیوں سے دلوں پر راج کرنے والے سلطان ہیں۔مجدد،مجتہد اور اولیاء کرام اس آخری امت کی سرداری کے برہان ہیں۔آپ خلقِ خدا کے بہت بڑے مرشد اور عوام و خواص کے عظیم رہبر تھے۔آپ نے قرآن و سنت کی تبلیغ سے اولیاء کا ملین اور مجاہدین ایک جماعت تیار کی جنہوں نے غلبہ اسلام کی بھرپور جدوجہد کی۔آپ اپنے روحانی مراتب اور علمی مقامات کے لحاظ سے یگانہ روزگار تھے۔