لاہور ہائیکورٹ نے ٹیکسٹائل انڈسٹری سے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اضافی بجلی بلوں کی وصولی روکدی
لاہور( وقائع نگار خصوصی )لاہورہائیکورٹ نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو ٹیکسٹائل انڈسٹری سے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد اضافی بلوں کی وصولی سے روک دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کی درخواست پر سماعت کی۔ اپٹما کی جانب سے ایڈووکیٹ سلمان اکرم راجہ اور ابوذر سلمان نیازی نے دلائل دئیے ۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوںنے ٹیکسٹائل انڈسٹری سے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کے بلوں میں اضافی وصولی شروع کردی ،نوٹیفکیشن کے تحت ٹیکسٹائل انڈسٹری سے بجلی کے بلوں میں اضافی وصولی نہیں کی جاسکتی ، نوٹیفکیشن میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کوزیرو ریٹڈ قرار دیا گیا ہے ۔بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے خلاف قانون اضافی وصولی کے لیے بجلی کے بل ارسال کردئیے ۔ استدعا ہے کہ بجلی کے بلوں میں اضافی وصولی کا اقدام کالعد م قرار دیا جائے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیول ایڈ جسٹمنٹ کی مد میں اضافی بلوں کی وصولی سے روک دیا ۔