ماضی کی حکومتوں نے سیاسی، ماحولیاتی آلودگی بڑھائی: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ عثمان سے وزیر مملکت برائے موسمیاتی تغیرات زرتاج گل نے ملاقات کی، جس میں سموگ سے نمٹنے اور ماحولیاتی آلودگی پرقابو پانے کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور مستقبل کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے کرپشن اور اقرباء پروری کرکے سیاسی آلودگی بھی بڑھائی اور بے ہنگم عمارتیں کھڑی کرکے فضائی آلودگی میں بھی اضافہ کیا۔ سابق ادوارکی غلط پالیسیوں کے باعث آج ہمارے شہر آلودہ ہیں۔ ہماری حکومت ماضی کی سیاسی کثافتوں کو بھی صاف کرے گی اور ماحولیاتی کثافتوں کو بھی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں 60ہزار کنال پر اربن فارسٹ سٹیشن لگائے جائیں گے۔ 2020ء تک بھٹے اور سٹیل انڈسٹریز کو نئی ٹیکنالوجی پر منتقل ہونے کی ڈیڈ لائن دے دی گئی ہے۔ ماحولیاتی آلودگی اور سموگ پر قابو پانے کیلئے مہم کو مزید تیز کیا گیا ہے۔ 273ملین ڈالرکاپنجاب گرین ڈویلپمنٹ پروگرام ماحول کو صاف بنانے میں گیم چینجر ہوگا۔ پنجاب میں ائیرکوالٹی مانیٹر کرنے کیلئے 30نئے مانیٹرنگ سٹیشن قائم کیے جائیں گے۔ صوبائی وزرا اورارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ سے ملاقات میں اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ نے حل کیلئے موقع پر ہی ہدایات دیں۔ عثمان بزدار نے کہاکہ ہمارا مقصدصرف عوام کی خدمت اورانہیں ریلیف دینا ہے۔ سابق حکمرانوں کی طرح اقتدار میں کوئی اور ایجنڈا لیکر نہیں آئے۔ سابق ادوار میں عوام کی خدمت کی بجائے ذاتی ایجنڈا پرکام کیا گیا اورماضی میں عام آدمی کے مسائل کو بری طرح نظر انداز کیا گیا۔ تحریک انصاف کی حکومت نے عام آدمی کی حالت بہتر بنانے کیلئے جو مثالی اقدامات کیے ہیں اسکی نظیر نہیں ملتی۔ عثمان بزدار نے ووٹرز کے حقوق کے قومی دن پر پیغام میں کہا ہے کہ ووٹ جمہوریت کی بنیادی اکائی ہے اور ووٹ کا حق عوام کا اعزاز ہے، جسے کسی صورت نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ عوام طاقت کا سرچشمہ ہیں۔دوسری جانب اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کا فزیکل انفراسٹرکچر مکمل کرلیا گیا ہے اور اورنج لائن میٹرو ٹرین کو پہلی بار بجلی سے پورے روٹ پر10دسمبر کو آزمائشی طورپر چلایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے اورنج لائن میٹروٹرین کے آزمائشی ٹرائل کی منظوری دے دی ہے۔ اورنج لائن میٹروٹرین کا ڈیرہ گجراں سے علی ٹاؤن تک ٹرائل رن کیا جائے گا اورعلی ٹاؤن کے آخری سٹیشن پر ٹرائل رن کے حوالے سے تقریب کاانعقاد کیاجائے گا۔ عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے اورنج لائن میٹروٹرین کے آزمائشی ٹرائل کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ 10دسمبر کو ٹرین کو پورے روٹ پرپہلی بار بجلی سے چلانے کا آزمائشی ٹرائل کیا جائے گا۔