چیئرمین سعودی شوریٰ کونسل نے مسئلہ کشمیر پر حمایت کی یقین دہانی کرا دی
اسلام آباد (آئی این پی، نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم اور صدر مملکت سے سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی حمایت کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں فاشسٹ بی جے پی حکومت کے ہاتھوں 126 دن طویل کرفیو اور میڈیا بلیک آئوٹ کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ ایوان صدر میں ہونے والی ملاقات میں صدر مملکت نے کہا کہ ہندوستانی شہریت ایکٹ کے ذریعے مسلم شہریوں کے خلاف کی جانے والی سازش کو سامنے لانا ہوگا، سعودی عرب نے مسلم امہ کو درپیش چیلنجوں کے حل میں ہمیشہ فعال کردار ادا کیا ہے۔صدر مملکت نے آئل ریفائنری اور معدنیات کے شعبے میں جاری تعاون پر اعتماد کا اظہار کیا۔سعودی عرب کی شوری کونسل کے چیئرمین ڈاکٹرعبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ نے صدر مملکت کو آگاہ کیا کہ دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی تعاون کو مزید فروغ دینے کی کوششیں کی جارہی ہیں،انہوں نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کو حمایت کی یقین دہانی کرائی۔دریں اثناء سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔عمران خان سے ڈاکٹر عبداللہ بن محمد الشیخ نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات ہوئی جس میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر بھی شریک تھے۔چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد الشیخ کے ہمراہ سعودی وفد بھی تھا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین تعلقات کے مزید فروغ اور باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سعودی شوریٰ کونسل کے وفد نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات اور تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعظم نے وفد کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ دنیا کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم ختم کرائے۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کیا جائے۔ وفد نے وزیراعظم کو سعودی قیادت کی نیک خواہشات پہنچائیں۔ چیئرمین سعودی شوریٰ کونسل نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر خدشات کا اظہار کیا گیا۔