نئی جے آئی کی تشکیل پر چیف جسٹس کے شکرگزارہیں:خرم نواز گنڈاپور
لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ رانا ثناء نے شریفوں کے کہنے پر بطور وزیر قانون قتل عام کی منصوبہ بندی کی اور اقتدار کے آخری دن تک شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ حقائق چھپاتے رہے، نئی جے آئی ٹی کی تشکیل کی اپیل کو مان کر مظلوموں کی داد رسی کی گئی جس پر چیف جسٹس میاں ثاقب نثار اور لارجر بنچ کے جملہ ممبران کے شکر گزار ہیں، سپریم کورٹ کے فلور پر حکومت کا کردار ہمدردانہ اور انصاف دوست نظر آیا، ہم صرف غیر جانبدار تحقیق چاہتے ہیں جو سانحہ ماڈل ٹائون کیس میں آج کے دن تک نہیں ہوئی، وہ گزشتہ روز اسلام آباد سے لاہور پہنچنے پر عہدیداروں اور کارکنوں سے گفتگو کررہے تھے، خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ شہباز دور حکومت میں بننے والی دونوں جے آئی ٹیز ریموٹ کنٹرول تھیں، یہ جے آئی ٹیز حقائق مسخ کرنے کے لیے اور مرکزی کرداروں کو کلین چٹیں دلوانے کے لیے قائم کی گئی تھیں، ان جے آئی ٹیز کا جو مینڈیٹ تھا انہوں نے وہی کیا، انہوں نے کہا کہ شہباز حکومت براہ راست سانحہ ماڈل ٹائون میں ملوث نہ ہوتی تو قتل عام کے ذمہ دار کیفر کردار تک پہنچ چکے ہوتے۔