اعلیٰ تعلیم وتحقیق میں مزید کاوشوں کی ضرورت ہے:ڈاکٹرفیض اللہ
کراچی (نیوز رپورٹر) دائود یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کیلئے اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے میدان میں مزید کاوشیں کرنے کی ضرورت ہے اور تعلیمی استحکام کیلئے ادارے کے اندر ایک موثر میکنزم کے تحت مربوط روابط ضروری ہیں ، کسی بھی یونیورسٹی کے فیکلٹی ارکان ہوں یا پھر طلباء اور انتظامیہ انہیں ادارے کیلئے کام کرنا چاہئے ، تجربہ کار لوگوں سے فائدہ اْٹھا کر ہم ملک کو ترقی کی نئی منزلوں تک پہنچا سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز قائد عوام یونیورسٹی آف انجینئرنگ ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (کوئسٹ) میں ’اعلیٰ تعلیمی اداروں کی تبدیلی‘ کے موضوع پر فیکلٹی ارکان ، طلباء کی بڑی تعداد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فیض اللہ عباسی کو دائود انجینئرنگ یونیورسٹی کے اندر قلیل عرصے میں رونما ہونے والی مثبت تبدیلیوں اور ادارے میں استحکام لانے کے حوالے سے کئے گئے اقدامات پر روشنی ڈالنے کیلئے خصوصی طور پر فیکلٹی ارکان اور طلباء سے خطاب کیلئے مدعو کیا گیاتھا۔ اس موقع پر وائس چانسلر قائد عوام یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سلیم رضا سموں بھی موجود تھے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی کا مزید کہنا تھا کہ ہم بہترین حکمت عملی اور اچھے فیصلوں کے ذریعے دائود انجینئرنگ یونیورسٹی میں استحکام لے آئے اور اب ہم تیزی سے ترقی کے مراحل طے کررہے ہیں، انتھک جدوجہد اور مربوط روابط نے ہمیں اس قابل بنایا ہے کہ اب ہم تحقیق کے میدان میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ اس موقع پر کوئسٹ کے فیکلٹی ارکان اور طلباء نے ڈاکٹر فیض اللہ عباسی سے سوالات بھی کئے۔ آخر میں وائس چانسلر کوئسٹ ڈاکٹر سلیم رضا سموں نے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فیض اللہ عباسی کا شکریہ ادا کیا۔