لائٹ ہائوس سے ٹاور تک تجاوزات کا مکمل خاتمہ کردیا گیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر بھر میں جاری انسداد تجاوزات کارروائی کے 32 ویں دن جمعرات کو ضلع جنوبی میں برتن گلی ، ڈینسو ہال، سول لائنز ، کلفٹن ،ضلع وسطی میں رضویہ سوسائٹی (ناظم آباد)، ضلع شرقی میں طارق روڈ(لیبرٹی مارکیٹ) اور ضلع کورنگی میں کورنگی نمبر2 سات ہزار روڈ مٹکے والی پلیا کے مقامات پر تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی جاری رکھی گئی اس دوران فٹ پاتھوں پر آگے تک بڑھائے گئے دکانوں کے اگلے حصوں اور مختلف اقسام کے تجاوزات کو ہٹا دیا گیا ، کارروائی میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات کی ٹیم نے بھاری مشینوں کے ہمراہ تجاوزات صاف کیں، مذکورہ مقامات پر انسداد تجاوزات کارروائی سے کچھ دن قبل دکانداروں کو آگاہ کردیا گیا تھا کئی دکانداروں نے ازخود تجاوزات ہٹا دی تھیں جبکہ جن لوگوں نے اس پر عمل نہیں کیا ان تجاوزات کو بھاری مشینری کے ذریعے وہاں سے ہٹا دیا گیا، ضلع جنوبی میں ایم اے جناح روڈ پر لائٹ ہائوس سے ٹاور تک تجاوزات کو صاف کیا گیا اور فٹ پاتھ پر رکھے ہوئے سامان کو ضبط کرلیا گیا، شہر بھر میں جاری انسداد تجاوزات مہم کے نگراں میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے جمعرات کو ہونے والی کارروائی کے حوالے سے بتایا کہ ضلع جنوبی میں جونا مارکیٹ کے مقام پر برتن گلی میں کچھ تجاوزات باقی رہ گئے تھے جنہیں صاف کردیا گیا اسی طرح بعض دکانداروں نے فٹ پاتھوں پر اپنا سامان رکھا ہوا تھا جنہیں تنبیہ کردی گئی ہے کہ وہ دوبارہ فٹ پاتھوں پر اپنا سامان نہ رکھیں بلکہ سامان کو اپنی دکان کی حدو د میں رکھیں بصورت دیگر ان کے سامان کو ضبط کرلیا جائے گا۔