بحریہ یونیورسٹی کا 15 واں کانووکیشن‘ 782 اسناد تفویض
کراچی (نیوز رپورٹر) بحریہ یونیورسٹی کراچی کیمپس کا پندرہواں کانووکیشن میری ٹائم کنونشن ہال کارساز کراچی میں ہوا‘ گورنر سندھ عمران اسماعیل تقریب کے مہمان خصوصی تھے انہوں نے مختلف شعبوں میں کامیاب ہونے والے پی ایچ ڈی‘ پوسٹ گریجویٹ اور انڈر گریجویٹ طلباء و طالبات میں 782 اسناد اور 58 طلائی و چاندی کے تمغے تقسیم کئے ان میں مینجمنٹ سائنسز‘ پروفیشل سائیکالوجی ‘ ہیومینز اینڈ سوشل سائنسز‘ الیکٹریکل انجینئرنگ‘ سافٹ ویئر انجینئرنگ‘ ارتھ اینڈ انوائرمینٹل سائنسز اور میڈیا سٹیڈیز کے شعبہ جات شامل تھے۔ حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کامیاب ہونے والے طلباء و طالبات کو ان کی شاندار کارکردگی پر مبارکباد پیش کی اور تعلیم کے فروغ میں بحریہ یونیورسٹی کراچی کیمپس کے کردار کو سراہا۔ انہو ں نے قوم کی تعمیر میں پاکستان نیوی کے کردار کی تعریف کی جس نے بحریہ یونیورسٹی جیسے ادارے کی بنیاد رکھی اور یونیورسٹی میں میری ٹائم شعبے کے قیام اور اس کے فروغ کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے بحریہ یونیورسٹی میں جدید اور عملی طریقہ تدریس متعارف کروانے پر مبارکباد دی۔ مہمان خصوصی نے کامیاب ہونے والے طلباء اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کی اور ان کے بہتر مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ قبل ازیں اپنے افتتاحی خطاب میں ریکٹر بحریہ یونیورسٹی ایڈمرل (ر) محمد شفیق نے مہمان خصوصی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ جامعات اعلیٰ تعلیمی اقدار کو فروغ دیتی ہیں اور بحریہ یونیورسٹی نوجوان طلباء و طالبات کی تعلیم و تربیت کی ذمہ داری مستقل طور پر بطریق احسن انجام دے رہی ہے۔ کانووکیشن میں سینئرنیول افسران ‘ صنعتکاروں‘ کاروباری شخصیات کے ماہرین تعلیم ‘ اساتذہ اور کامیاب ہونے والے طلباء و طالبات کے والدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔