آل اورنگی ٹائون فٹبال لیگ چیمپئن شپ
کراچی ( اسپورٹس رپورٹر) اورنگی فٹبا ل کلب اور ڈی ایف اے ویسٹ کے زیراہتمام آل اورنگی ٹائون فٹبال لیگ چیمپئن شپ میں مزید دو میچوں کا فیصلہ ہوگیا۔ ان میچز میں اورنگی بلوچ نے غوثیہ اسپورٹس کو 4-2سے اور ارکان اسپورٹس نے مومن آباد ایف سی کو4-0 سے شکست دیدی ۔ ارکان اسپورٹس فٹبال گرائونڈ اورنگی میں جاری آل اورنگی ٹائون فٹبال لیگ چیمپئن شپ کے پہلے میچ میں اورنگی بلوچ نے غوثیہ اسپورٹس کو 4-2سے قابو کرلیا۔ کھیل کے اختتام سے دو منٹ قبل اورنگی بلوچ کی طرف سے عمران نے58 ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو میچ میں 4-2سے کامیابی دلوادی۔ دوسرے میچ میں ارکان اسپورٹس نے مومن آباد ایف سی کو4-0 سے ٹھکانے لگادیا۔کھیل کے پہلے ہاف میں ارکان اسپورٹس کی جانب سے4 ویں منٹ میں ارسلان نے اور 12ویں منٹ میں رفیق نے دو گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو میچ میں2-0 سے سبقت دلوادی۔ ہاف ٹائم میں ارکان اسپورٹس کی ٹیم2-0 سے جیت رہی تھی۔ دوسرے ہاف میں ارکان اسپورٹس کی طرف سے میچ کا تیسرا گول جاوید نے37 ویں منٹ میں اسکور کرکے اپنی ٹیم کی برتری کو 3-0کردیا۔ ارکان اسپورٹس کو چوتھا گول 49ویں منٹ میں محمد شاہ نے بناکر اپنی ٹیم کو میچ میں 4-0سے سرخرو کردیا۔ ریفری محبوب، ابرار، ڈپٹی ریفریز جاوید، کلام،عابد، نبی، میچ کمشنر محمد ذاکر خان، اسماعیل نور اور میڈیا کوآرڈینیٹر محمد سلیم سماء تھے۔