ایک تصویر۔۔۔۔ ایک کہانی
ملک میں بڑھتی ہوئی آلودگی کے خاتمہ کیلئے جہاں عملی اقدامات کئے جارہے ہیں جن میں کلین اینڈ گرین پاکستان منصوبہ سر فہرست ہے وہیں دوسری طرف زیر نظر تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کینٹ اور واپڈا انتظامیہ کی مبینہ غفلت سے سہام نئی آبادی وارڈ نمبر 10میں کچرے کو آگ لگی ہے جس میں محکمہ واپڈا کی بے یارو مددگار قیمتی ٹرانسفر ٹرالی کو بھی آگ لگی ہے جو واپڈا اور کینٹ انتظامیہ کی غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ایک طرف تو کینٹ بورڈ ہفتہ وار صفائی کا اہتمام کرتا ہے جوکہ سال میں ایک ہفتہ ہی کی جاتی ہے اور کینٹ بورڈ صفائی کی مد میں پورا سال عوام سے بل وصول کرتا ہے، لیکن اس کے باوجود وارڈ نمبر 10سمیت کینٹ کے مختلف علاقوں میں کچرے کے ڈھیر لگے ہوتے ہیں۔ اس کے باوجود کینٹ بورڈ سینیٹری عملہ خواب خرگوش کے مزے لوٹ رہا ہے۔ امید کرتے ہیں کہ کینٹ انتظامیہ آئندہ صفائی کی صورتحال کو بہتر بنائے گی اور واپڈا اہلکار اپنے قیمتی سامان کی حفاظت کرینگے( تحریر و تصویر، ایم جاوید)