صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پنجاب کی عوام کو 23 نئے سرکاری اسپتالوں کا تحفہ دیں گے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رکن پنجاب اسمبلی یاسمین راشد اچانک گنگارام اسپتال میں زیر تعمیر مدر اینڈ چائلڈ بلاک پہنچ گئیں. جہاں انہوں نے بلاک میں جاری پیش رفت کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر صحت نے متعلقہ تمام افسران کو زیر تعمیر مدر اینڈ چائلڈ بلاک کو مقررہ وقت پر ہر صورت مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔اس حوالے سے یاسمین راشد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ گنگارام اسپتال میں زیر تعمیرمدر اینڈ چائلڈ بلاک کو مقررہ طے شدہ وقت پر مکمل کریں گے اور اس اسپتال میں زیر تعمیر مدر اینڈ چائلڈ بلاک کو جلد مکمل کر کے عوام کیلئے کھول دیں گے۔انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ افسران کو زیر تعمیر مدر اینڈ چائلڈ بلاک جلداز جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی ہے.اس بلاک میں کسی قسم کی کوتاہی یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
پنجاب میں اسٹیٹ آف دی آرٹ مدر اینڈ چائلڈ اسپتال عمران خان کے وعدے کی تکمیل ہیں. پنجاب کی عوام کو 23 نئے سرکاری اسپتالوں کا تحفہ دیں گے۔پنجاب میں تمام زیر تعمیر مدراینڈ چائلڈ اسپتالوں کا دورہ کرکے جاری پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔پاکستان میں ہرسال ہزاروں مائیں اور بچے دوران زچگی زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں. پنجاب میں اسٹیٹ آف دی آرٹ مدر اینڈ چائلڈ اسپتالوں کے ذریعے ہزاروں ماؤں اور بچوں کی زندگی کو محفوظ بنایا جائے گا۔اس موقع پر سیکرٹری صحت علی جان خان، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، اسپیشل سیکرٹری محمد عثمان، ایم ایس گنگارام اسپتال ڈاکٹراطہر، چیف پلاننگ آفیسرعبدالحق بھٹی، شیخ اعجاز، سی اینڈ ڈبلیو سمیت متعلقہ محکمہ جات کے افسران بھی موجود تھے۔