تحصیل آفس راولپنڈی،احاطہ جوہڑ بن گیا‘ ڈینگی پھیلنے کا خدشہ
راولپنڈی شہر میں موجودہ تحصیل آفس کی عمارت نکاس آب کے باعث بارشی پانی کے ٹہراو¿ کا مرکز بن گئی ہے۔ مختلف جگہوں پر گندہ پانی کھڑا رہنا بیماریوں خصوصاً ڈینگی مچھروں کی افزائش گاہ بن رہا ہے۔ روزانہ راولپنڈی اور مضافات سے ہزاروں شہری قیمتی اراضی سے متعلق ریکارڈ کے حصول کے لیے تحصیل آفس کا رخ کرتے ہیں۔ انہیں مختلف شعبوں تک جانے کے لیے تالاب نما احاطے کو عبور کرنا پڑتا ہے۔ محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ انسداد ڈینگی مہم پر یک زبان ہوکر مارکیٹوں‘ بازاروں اور گلی محلوں میں صفائی کا پیغام پہنچا رہی ہے جبکہ سرکار کی ناک کے نیچے اہم آفس خود ڈینگی کی افزائش کو دعوت دے رہا ہے۔ مون سون اور شدید بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر حکام کا فرض تھا کہ وہ ممکنہ صورت حال سے نمٹنے کا انتظام پہلے کرلیتے مگر! متعلقہ شعبے کی لاپروائی اور تحصیل آفس راولپنڈی کے ارباب حل وعقد کی عدم دلچسپی کے باعث شہریوں کو اپنی صحت کے گرد خطرے کا نشان لگانا پڑ رہا ہے ۔ جائیداد کی خریدوفروخت کی دستاویز اور انتقال وحصول ریکارڈ کے لیے ہر روز لا تعداد افراد تحصیل آفس کا رخ کررہے ہیں یہاں ایک دو گھنٹے قیام‘ کھانا پینا اور بیٹھنا کس قدر خطرناک ہوتا ہوگااس کا اندازہ ماہرین صحت کو یقیناً ہوگا۔ کمشنر راولپنڈی اور ڈی ای او صحت کو آج ہی تحصیل آفس کی ناگہانی صورت حال کا نوٹس لینا چاہیے۔