راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی راہ میں کسی رکاوٹ کو حائل نہیں ہونے دیں گے:عثمان بزدار
وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ اتھارٹی کا قیام عمل آچکا ہے-اسلام آباد کے بعد آج پاکستان کے دوسرے Plannedشہر کو آباد کرنے کی طرف جا رہے ہیں - یہ شہر نیا لاہور ہو گا جسے منصوبہ بندی کے تحت بسایا جائے گا-
انہوں نے کہا کہ3 بیراج بنیں گے اور 5 لاکھ 85 ہزار کیوسک پانی ذخیرہ ہو گا۔پانی کی سٹوریج سے لاہور کے اندر زیر زمین پانی کی کم ہوتی سطح بہتر ہو گی- جھیل بننے سے ECO سسٹم بہتر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق آبی اور فضائی آلودگی کے سدباب کیلئے گرین زون بنائے جائیں گے- 60 لاکھ پودے لگائے جائیں گے-
عوام کو رہائش کی بہترین سہولتیں میسر آئیں گی- تقریبا18 لاکھ رہائشی یونٹس بنیں گے -انہوں نے کہا کہ راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ اتھارٹی کا ایکٹ پاس ہو چکا ہے- اتھارٹی کا چیئرمین لگا دیا گیا ہے اور بورڈ مکمل ہو چکا ہے -اس میگا پراجیکٹ کے آغاز کی مثال پاکستان کی تاریخ میں نہیں ملتی۔یہ پاکستان کا سب سے بڑا پراجیکٹ ہے -یہ ایک بہت بڑا چیلنج ہے جسے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ہماری حکومت نے قبول کیا ہے -انہو ں نے کہا کہ سابق ادوار میں کوئی بھی اس چیلنج کو قبول کرنے کی ہمت نہیں کر سکا-
انشاء اللہ اس چیلنج کو پورا کریں گے -اس منصوبے کی راہ میں کسی رکاوٹ کو حائل نہیں ہونے دیں گے -اس پراجیکٹ سے معاشی سرگرمیاں تیز ہوں گی، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اورمقامی صنعتوں کو فروغ ملے گا-