کیا کراچی پھر ڈوب جائے گا
شہر میں ہونے والی شدید بارشوں کے پیش نظر محکمہ موسمیات کئی سالوں سے کراچی میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کررہا ہے۔تاہم شہری انتظامیہ اور صوبائی حکومتیں اس حوالے سے کوئی ٹھوس لائحہ عمل اپنانے سے قاصر ہیں، بلکہ وہ اس بات پر تلی ہوئی ہیں کہ یہ ان کا کام ہی نہیں۔ نتیجتاً اس سال برساتی نالوں سے پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ لوگ بے آسرا ہوگئے، گلستان جوہر، اورنگی، یونیورسٹی روڈ اور ڈیفنس کے علاوہ کئی علاقوں میں لوگ پھنس گئے۔ایک رہائشی پروجیکٹ میں پانی بجلی کے میٹروں تک پہنچ گیا مجبوراً بجلی والوں نے بجلی بند کردی۔ متاثرہ شہری اور بجلی کا عملہ پانی کی سطح کم ہونے یا نکاسی آب مکمل ہونے کا انتظار کرتے دکھائی دیئے۔ وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے این ڈی ایم اے کو کراچی میں نکاسی آب کی ذمہ داری سونپنابلاجواز نہیں۔ ہماری حکوت سے درخواست ہے کہ بارش میں جہاں پانی جمع ہو اس کی شکایت کیلئے باقاعدہ ہیلپ لائن، ای میل ایڈریس اور ایس ایم ایس سروس بھی قائم کی جائے تاکہ متوقع بارشوں میں کراچی کے شہری بجلی اور دیگر سہولیات سے زیادہ دیر محروم نہ رہیں۔…سراج منیر سومرو۔کراچی